اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج کو حتمی ٹیم میں شامل نہ کرنے کے فیصلے پر کرکٹ حلقوں میں بحث شروع ہوگئی ہے اور ٹیم مینجمنٹ کی حکمت عملی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
19 نومبر سے ویلنگٹن میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے بھارت نے چار فاسٹ بولرز کو موقع دیا، تاہم محمد سراج کی جگہ جسپریت بمراہ، آکاش دیپ، پراسیدھ کرشنا اور انشول کمبوج کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا۔
محمد سراج نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف اوول ٹیسٹ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کارکردگی کے بعد انہیں بھارتی فاسٹ بولنگ اٹیک کا اہم کھلاڑی تصور کیا جانے لگا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سراج کی ٹیم میں جگہ غیر یقینی ہونے کا آغاز اس وقت ہوا جب افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد انہوں نے آئرلینڈ کے دورے کے لیے آرام کی درخواست کی۔ بعد ازاں ورک لوڈ مینجمنٹ کی پالیسی کے تحت انہیں آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔
سراج کو نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم سے باہر رکھنے پر سابق بھارتی کرکٹرز روی شاستری، سنیل گواسکر اور محمد اظہرالدین نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ سابق کپتان اظہرالدین کا کہنا تھا کہ محمد سراج اس سے بہتر سلوک کے مستحق ہیں۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک نے سلیکشن کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کی ضروریات کو سامنے رکھ کر بہترین ٹیم کمبی نیشن منتخب کیا گیا ہے۔



















































