ممبئی(این این آئی) سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے بھی بال ٹیمپرنگ تنازعے پر عثمان خواجہ کی بات کی تائید کردی۔
رپورٹس کے مطابق سابق بھارتی فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے بال ٹیمپرنگ اور ریورس سوئنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کسی گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جائے تو بولر اور پوری ٹیم کو اس کا اندازہ ہوجاتا ہے۔عرفان کے مطابق راجکوٹ میں دلیپ ٹرافی کے ایک میچ کے دوران خشک پچ اور گھاس نہ ہونے کی وجہ سے آٹھویں یا دسویں اوور میں قدرتی طور پر ریورس سوئنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔تاہم اگر 30 یا 40 اوورز کے بعد گیند کے ساتھ جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کی جائے تو بولر کو اس کا اندازہ ہوجاتا ہے۔سابق بھارتی فاسٹ بولر نے 2018 کے آسٹریلوی بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بینکرافٹ نے 9 ماہ کی پابندی بھگتی اور واپسی کے بعد صرف دو ٹیسٹ میچ کھیل سکے جبکہ اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر دوبارہ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔عرفان کا مزید کہنا تھا کہ آٹھ سال بعد اس معاملے پر دوبارہ بحث کے بجائے اگر آسٹریلوی عوام کو جواب درکار ہیں تو تحقیقات کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں ہونا چاہئے۔



















































