اسلام آباد (نیوز ڈیسک)راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں مہمان ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم صرف 98 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی اننگز کا آغاز مشکلات سے ہوا اور 6 رنز کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گر گئی، جب سوریا بندرہ 2 رنز بنا کر ثاقب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد 16 رنز پر دنیش چندی مل 7 رنز بنا کر محمد عباس کا شکار بنے، جبکہ 25 رنز کے مجموعے پر کمندو مینڈس 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔اسی اسکور پر سری لنکا کو چوتھا نقصان بھی اٹھانا پڑا، جب لاہیرو اودارا 4 رنز بنا کر رضا اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ مہمان ٹیم کی پانچویں وکٹ 36 رنز پر گری، دھننجیا ڈی سلوا صرف ایک رن بنا سکے۔
بعد ازاں کپتان کوشال مینڈس 32 رنز کی اننگز کھیل کر 85 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی ساتویں وکٹ بھی 85 رنز پر گری، جب ملن رتھنائیکے بغیر کوئی رن بنائے رضا اللہ کی گیند پر پویلین روانہ ہوگئے۔ آٹھویں اور نویں وکٹ 97 رنز پر گریں، جبکہ آخری کھلاڑی کے آؤٹ ہونے پر مہمان ٹیم کا مجموعی اسکور 98 رنز رہا۔پاکستان کی جانب سے رضا اللہ، محمد عباس اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔



















































