بنگورو(این این آئی)آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے اٹھارہویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو با آسانی 62رنز سے شکست دیکر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی،آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 367رنز بنائے، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 163اور مچل مارش نے 121رنز کی شاندار اننگز کھیلی،پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 5 اور حارث سہیل نے 3وکٹیں حاصل کیں،آسٹریلیا کے368رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 305رنزپر بناسکی، عبداللہ شفیق 64، امام 70رنز بناکر نمایاں رہے،آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے53رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا اور کمنز اور اسٹوئنس نے 2،2وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈیوڈ وارنر ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑے انفرادی اسکور کرنے والے بیٹر بن گئے اورشانددارپیٹنگ کرنے پلیئرآف دی میچ بھی قراردیاگیا۔
جمعہ کوبنگلورو کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کے بعد آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے کیا۔آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 367رنز بنائے، کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 163اور مچل مارش نے 121رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 5 اور حارث سہیل نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ 367رنز کی بدولت آسٹریلیا ورلڈکپ کی تاریخ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔اس سے قبل رواں ورلڈکپ میں ہی سری لنکا نے 10اکتوبر کو پاکستان کے خلاف 344رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں شاداب خان کی جگہ اسامہ میر کو شامل کیا گیا۔ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اس میچ کیلیے اچھی ٹریننگ کی اور کئی اچھے پریکٹس سیشن کیے،اس میچ میں اچھی کارکردگی دکھاکر جیتنے کی کوشش کریں گے اور جلدی وکٹ لینے کی کوشش کریں گے۔مچل مارش اور ڈیوڈ وارنر نے اننگز کے آغاز سے ہی پاکستانی بولرز کی جم کر دھلائی کی اور اپنی ٹیم کو پہاڑ جیسے شاندار رنز کی پارٹنر شپ فراہم کی۔اس دوران اسامہ میر اور عبد اللہ شفیق کی ناقص فیلڈنگ کی بدولت کینگروز کو مزید جم کر کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔دونوں فلیڈرز نے سیٹ بیٹرز کے کیچ چھوڑے۔وارنر اور مارش کے درمیان پہلی وکٹ پر 259رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جو کہ پاکستان کے خلاف ورلڈکپ میں کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت داری ہے۔پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ کسی ٹیم نے ورلڈ کپ میں 200رنز کی شراکت بنائی ہے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے برائن لارا اور ڈیسمونڈ ہائنس نے 1992میں پاکستان کے خلاف 175رنز کی شراکت بنائی تھی۔تاہم میچ کے34اوور میں مچل مارش 121رنز کی شاندار اننگزکھیلتے ہوئے اسامہ میر کو کیچ دے بیٹھے جس کے بعد اگلی ہی گیند پر گلین میکسویل بھی شاہین شاہ کی گیند پویلین لوٹ گئے جبکہ اسٹیو اسمتھ 7رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔اس کے علاوہ ڈیوڈ وارنر 124گیندوں پر 163رنز بنا کر پویلین لوٹے، وہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف سب سے بڑے انفرادی اسکور کرنے والے بیٹر بھی بن گئے۔
آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر کے آئوٹ ہوتے ہی پاکستانی بولرز نے کم بیک کیا، ایک وقت پر جو ٹوٹل 400بنتا نظر آرہا تھا وہ مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے 367پر رک گیا۔مارکس اسٹوئنس 21، جوش انگلس 13، لبوشین 8، پیٹ کمنز 6، مچل اسٹارک 2رنز بناسکے ،کینگروز نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 367رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 10اوورز میں 54رنز دے کر 5کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ حارث رف نے 8اوورز میں 83رنز کی بدولت 3وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ اسامہ میر نے 9اوورز میں 82رنز دے کر ایک شکار کیا۔آسٹریلیا کے 368رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز تو اچھا تھا، امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے 134رنز کی اوپننگ شراکت داری فراہم کی اور دونوں نے نصف سنچریاں بھی بنائی۔ لیکن پھر عبداللہ 64اور امام الحق 70رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔اس کے بعد کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ورلڈکپ میں بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 18رنز پر پویلین لوٹ گئے۔محمد رضوان اور سعود شکیل نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا لیکن پھر پہلے سعود 30اورپھر نئے آنے والے بیٹر افتخار احمد 26رنز پر آئوٹ ہوگئے۔
رضوان بھی 46رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے جبکہ محمد نواز14، اسامہ میر صفر، حسن علی 8رنز بناسکے، شاہین آفریدی نے 10رنز بنائے، یوں پاکستان کی پوری ٹیم 45.3اوورز میں 305رنز پر آئوٹ ہوگئی۔آسٹریلیا کے ایڈم زمپا نے 53رنز دے کر4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ کمنز اور اسٹوئنس نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔شانددارپیٹنگ کرنے پرڈیوڈ وارنر کوپلیئرآف دی میچ قراردیاگیاہے۔کینگروز کی رواں ورلڈکپ میں یہ دوسری کامیابی ہے، آسٹریلیا نے 4میچز کھیلے جس میں 2 میں کامیابی اور 2 میں اسے شکست ہوئی۔