چنئی (این این آئی)بھارت نے ورلڈکپ کے پانچویں میچ میں ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی،بھارتی بیٹرز نے آسٹریلیا کا 200رنز کا ہدف 42ویں اوور میں پورا کر لیا، 2رنز پر 3کھلاڑی آئوٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے ٹیم کو سنبھالا،ویرات کوہلی نے 85اور کے ایل راہول نے ناقابل شکست 97رنز بنائے اور ٹیم کو جیت دلوائی،کے ایل راہول کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چنئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف پورے میچ میں سست روی سے بیٹنگ کی،بھارتی بولرز کے سامنے آسٹریلوی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے ۔ کینگروز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 199رنز پر آل آئوٹ ہوگئی۔کینگروز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ46اور ڈیوڈ وارنر 41رنز بنا کر نمایاں رہے۔ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے کپتان روہت شرما نے کہاکہ یہاں کی کنڈیشنز بولرز کے لیے سازگار لگ رہی ہیں۔آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس حوالے سے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے ، ہم تازہ دم ہیں اور اچھی پوزیشن میں ہیں، میچ سے قبل کھلاڑیوں کو تیاریوں کے لیے کافی وقت ملا ہے ۔بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 5کے مجموعی اسکور پر اوپنر مچل مارش بمراہ کی گیند پر صفر پر آئوٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے 69رنز کی شراکت داری بنائی پر وہ بھی ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں زیادہ مدد نہیں دے سکے۔وارنر 41اور اسمتھ 46رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔آسٹریلیا کی ٹیم پوری اننگزکے دوران بھارتی بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکی اور میچ میں سست روی سے بیٹنگ کی، اس دوران ان کی یکے بعد دیگر وکٹیں بھی گرتی رہیں۔مچل اسٹارک نے 28، مارنس لبوشین نے27رنز بنائے جبکہ پیٹ کمنز اور گلین میکسویل نے 15، 15رنز اسکور کیے۔اس کے علاوہ کیمرون گرین 8اور ایڈم زیمپا نے 6رنز بنائے جبکہ الیکس کیری صفر پر آئوٹ ہوئے، پوری آسٹریلوی ٹیم 49.3 اوورز میں آئوٹ ہوگئی۔بھارت کے روینڈرا جڈیجا نے 3وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادیو اور جسپریت بمرا نے 2، 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔اس کے علاہ محمد سراج ، روی چندرن ایشون اور ہردیک پانڈیا کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔200رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا،آسٹریلوی بولرز نے اننگز کی شروعات میں ہی تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹاپ آرڈر کو پویلین بھیجا۔
بھارت کے 2کے مجموعی اسکور پر 3کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، ایشان کشن ، کپتان روہت شرما اور شریاس ائیر صفر پر آئوٹ ہوئے۔3وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے بھارتی ٹیم پر بھرپور پریشر ڈالا، کینگروز کو چوتھی وکٹ 20کے مجموعی اسکور پر مل سکتی تھی لیکن مچل مارش نے ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ کرکے انہیں چانس دے دیا اور پھر بھارتی بیٹرز نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔ویرات کوہلی ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے اور شاندار 85 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری نہ بنا سکے اور کیچ آئوٹ ہوگئے، دوسری جانب سے کے ایل راہول نے بھی ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور جیت آسٹریلیا سے چھین لی۔کوہلی اور راہول کے درمیان 165رنز کی شاندار شراکت داری بنی، راہول نے 115گیندوں پر ناقابل شکست 97رنز بنائے۔اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے 11رنز اسکور کیے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔کے ایل راہول کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔