اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث آسٹریلوی کرکٹرز کی جانب سے آئی پی ایل چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور کین رچرڈسن انڈین پریمیئر لیگ سے الگ ہو گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی کرکٹرز ذاتی وجوہات کا بتا کر آئی پی ایل چھوڑ کر
واپس وطن جا رہے ہیں۔آسٹریلیا کے اینڈریو ٹائی پہلے ہی لیگ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ بھارت کے روی چندرن ایشون بھی کووڈ کی وجہ سے لیگ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے کے باوجود آئی پی لیگ کو جاری رکھنے پر منتظمین کو شدید تنقید کا سامنا ہے جس کے باعث لیگ ملتوی ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔دوسری جانب بھارتی اداکار اکشے کمار نے کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے ایک کروڑ کی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کمار نے کورونا ریلیف ورک کے لیے کرکٹر گوتم گمبھیر کی این جی او کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ گوتم گمبھیر نے ٹوئٹر پر اداکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہر مدد ایک امید کی کرن ہے، آپ کی مدد کا شکریہ۔اکشے کمار نے کرکٹر گوتم گمبھیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی میں ایک مشکل صورتحال ہے، مدد کرکے خوشی ہوئی، خواہش ہے کہ ہم بہت جلد اس صورتحال سے باہر نکل آئیں۔