لاہور (مانیٹرنگ + این این آئی)ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر ترین بن گئے۔ پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کی ملکیت سے متعلق علی ترین اور عالمگیر ترین کی شراکت داری ختم ہونے کا انکشاف، اس بات کا انکشاف معروف سپورٹس رپورٹر عمر فاروق نے سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کیا، انہوں
نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کی ملکیت سے متعلق شراکت داری ختم گئی ہے اور عالمگیر ترین نے فرنچائز کی مکمل ملکیت سنبھال لی ہے جب کہ علی ترین اس شراکت داری سے مکمل طور پر دستبردار ہو گئے ہیں۔پی ایس ایل سکس میں صرف ایک دن باقی ہے،کرکٹ اسٹارز اور شائقین کا جنون بڑھنے لگاجبکہ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جمعرات کوبھی جاری رہی اور گزشتہ24گھنٹوں میں 40 ہزار ٹکٹیں فروخت ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ہی بیشتر ٹکٹیں فروخت ہو گئیں اب صرف محدود ٹکٹیں ہی باقی رہ گئیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول میچز کی وی آئی پی، فرسٹ کلاس اور پریمیئم ٹکٹیں فروخت ہو گئیں جبکہ جنرل انکلوژر میں شامل 5 سو، ایک ہزار اور 2 ہزار والی چند ٹکٹیں ہی باقی رہ گئی ہیں۔پی ایس ایل سیزن 6 کے صرف 8 میچز میں 5 سو روپے والی ٹکٹیں مختص کی گئی ہیں جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ نمبر 4، 5، 6، 12 اور 15 میں 5 سو روپے والی ٹکٹیں رکھی گئی ہیں۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 5 میچز کی مجموعی طور پر 5 سو روپے والی 907 ٹکٹیں باقی رہ گئیں جبکہ قذافی اسٹیڈیم میں میچ نمبر 21، 29 اور 30 میں 5 سو روپے والی ٹکٹیں مختص ہیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 3 میچز کی 5 سو روپے والی صرف 24 ٹکٹیں بچ گئی ہیں۔ٹکٹ کی قیمت
500 سے پانچ ہزار تک مقرر کی گئی ہے۔ شائقین اپنا ای میل، شناختی کارڈ نمبر دے کر ٹکٹ بک کرا سکتے ہیں۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ہر میچ میں ساڑھے سات ہزار شائقین کو میچ دیکھنے کی اجازت ہو گی جبکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ساڑھے پانچ ہزار شائقین میچ دیکھ سکیں گے۔