ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان سلطانز کی ملتان میں سلطانی برقرار، کراچی کنگز کو 52 رنز سے شکست دے دی۔ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے معین علی اور وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف نے کھیل کا آغاز کیا،
دونوں نے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ کے چاروں شارٹس کھیلے۔ ذیشان اشرف نے 23 رنز بنائے تھے کہ وہ افتخار احمد کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ معین علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 رنز بنائے انہوں نے چار چھکے اور چار چوکے لگائے۔ ریلی روسو صرف 8 رنز بنا سکے۔ شان مسعود نے 42 گیندوں پر 61 رنز بنائے، نے ایک چھکا اور سات چوکے لگائے۔ روی بوپارہ 9 رنز ہی بنا سکے۔ خوشدل شاہ نے دس رنز بنائے۔ اس طرح ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے، کراچی کنگز کو 187 رنز کا ہدف دیا گیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر اور کرس جورڈن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان نے 16 رنز بنائے اور وہ معین علی کا شکار بنے۔ بابر اعظم بھی صرف 13 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے۔ الیکس ہیلز نے جارحانہ بیٹنگ کی لیکن وہ بھی 29 رنز بنا کر لوٹ گئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کوئی کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا اور وہ آؤٹ ہوتے رہے۔کراچی کنگز 17 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین، آفریدی اور سہیل تنویر نے 2.2 جبکہ معین علی، محمد الیاس اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔