راولپنڈی(این این آئی)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم نے ایک سنسنی خیز مرحلے کے بعد 5وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کوہوم گراونڈ اور ہوم کراوڈ کے سامنے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جمعرات کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پہلے اور ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے مجموعی طور پر کھیلے گئے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈکی ٹیم نے مقررہ20اوورزمیں 7 وکٹوں کے نقصان پر187 رنز بنا لیئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور نے بیٹنگ کا آغاز کیا جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے نے باولنگ کا آغاز کیا۔رونکی نے سہیل خان کی پہلی گیند پر چوکا اور دوسری گیند پر چھکا مار کر اپنی جارحانہ اننگ کا آغاز کیاتاہم 11رنز کے مجموعی سکور پر رونکی 11رنز کے انفرادی سکورپرنسیم شاہ کی گیند پربولڈ ہو گئے۔جس کے بعد ڈیوڈ میلان بیٹنگ کیلئے آئے۔36رنز کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی دوسری وکٹ گر گئی جب نسیم شاہ نے ڈیوڈ میلان کو بھی بولڈ کر دیا،وہ صرف 10رنز بنا سکے۔جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بیٹنگ کیلئے آئے۔41کے مجموعی سکور پر سہیل خان نے ٹائمل ملز کی نوبال پر ملنے والی فری ہٹ پر کولن منرو کا کیچ گرا دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ56رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب کولن منرو31رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر احمد شہزاد کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔جس کے بعدکولن انگرام بیٹنگ کیلئے آئے۔75رنز کے مجموعی سکور پرشین واٹسن نے محمد حسنین کی گیند پر شاداب خان کا ایک آسان کیچ گرا دیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے اپنے 100رنز10.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پرمکمل کر لیئے۔127رنز کے مجموعی سکور پر اعظم خان نے پوائنٹ پر محمد حسنین کی گیند پر شاداب خان کا دوسرا کیچ گرا دیا۔132رنز کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی چوتھی وکٹ گری
جب کپتان شاداب خان 39رنز بنا کربین کٹنگ کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔اس موقع پر آصف علی بیٹنگ کیلئے آئے۔157رنز کے مجموعی سکور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی پانچویں وکٹ گر گئی جب آصف علی15رنز بنا کرٹائمل ملز کی گیند پر جیسن رائے کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔جس کے بعد فہیم اشرف 161کے مجموعی سکور پرچار رنز بنا کر احمد شہزاد کی تھرو پر رن آوٹ ہو گئے۔169رنز کے مجموعی سکور پر عماد بٹ صرف چھ رنز بنا کر ملز کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔کولن انگرام نے اپنی نصف سنچری 35گیندوں پر 5چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔
کولن انگرام نے آوٹ ہوئے بغیر63رنزجبکہ احمد صافی ایک رنز کیساتھ ناٹ آوٹ رہے۔کوئٹہ گلیدی ایٹر کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹائمل ملز نے چار،چار اوورز میں بالترتیب23اور34رنز دیکر دو،دو،محمد حسنین اور بین کٹنگ نے تین،تین اوورز میں بالترتیب 33اور34رنز دیکرایک،ایک وکٹ حاصل کی جبکہ سہیل خان چار اوورز میں 42رنز اور محمد نوازدو اوورز میں 18رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹسن اننگ کا آغاز کیا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے رونامن رئیس اور موسیٰ خان نے باولنگ کا آغاز کیا۔41رنز کے مجموعی سکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹٰم کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا
جب شین واٹسن 9رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر ڈیوڈ میلان کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ون ڈاون پوزیشن پر احمد شہزاد بیٹنگ کیلئے آئے۔63رنز کے مجموعی سکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو اس وقت نقصان اٹھانا پرا جب احمد شہزاد 12رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر سٹمپ ہو گئے۔جس کے بعد اعظم خان بیٹنگ کیلئے آئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی تیسری وکٹ 79رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی جب اعظم خان 10رنز بنا کر احمد صافی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اس موقع پر کپتان سرفراز احمد کھیلنے کیلئے آئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم نے اپنے 100رنز 11.2اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مکمل کر لیئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کو چوتھا نقصان 102رنز کے مجموعی سکور پر اٹھانا پڑا جب اوپنر جیسن رائے 50رنز بنا کر احمد صافی کی گیند پر آصف علی ہاتھوں کیچ ہو گئے،انہوں نے اپنی نصف سنچری 38گیندوں پر6چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔
جس کے بعد محمد نواز بیٹنگ کیلئے آئے۔133رنز کے مجموعی سکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم کوپانچواں نقصان کپتان سرفراز کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 33رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔کپتان کے آوٹ ہونے پر بین کٹنگ بیٹنگ کیلئے آئے،انہوں نے شاندار سٹروک لگائے۔174کے مجموعی سکور پربین کٹنگ رومان رئیس کی گیند پرانگرام کے ہاتھوں باونڈری پر کیچ ہو گئے تاہم رومان رئیس کی یہ نوبال قرار دیدی گئی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم نے اپنا مطلوبہ حدف 19.4اوورز میں 5وکتوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔بین کٹنگ نے آوٹ ہوئے بغیر42جبکہ محمد نواز نے آوٹ ہوئے بغیر25رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے فہیم اشرف نے چار اوورز میں 46رنز کے عوض دو،احمد صافی نے تین اوورز میں 17رنز کے عوض دواورشاداب خان نے تین اوورز میں 33کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جبکہ موسیٰ خان تین اوورز میں 24رنز،رومان رئیس چار اوورز میں 34رنز اور عماد بٹ 2.4اوورز میں 31رنز کے عوض کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بین کٹنگ کو ان کی جارحانہ اننگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔(آج)جمعہ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرا میچ شام سات بجے پشاور زلمی اور لاہور قلندر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔