ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) ملتان سلطانز نے ایک دلچسپ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو چھ وکٹوں سے ہرا دیا۔ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے ٹام بینٹن اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔ پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، پہلے ہی اوور میں محمد عرفان نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین ٹام بینٹن کو پویلین بھیج دیا
انہوں نے چار رنز بنائے۔ کامران پندرہ رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، حیدر علی نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے 47 رنز بنائے، ان کی اننگز میں چھ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ شعیب ملک ایک بار پھر ناکام رہے انہوں نے صرف دو رنز بنائے۔ ایل اے ڈاسن نے 22 رنز بنائے باقی بیٹسمینوں میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ پشاور زلمی کی پوری ٹیم 18.3 اوور میں 123 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح ملتان سلطانز کو ایک آسان ہدف ملا، آغاز میں اسے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا لیکن بالآخر فتح اس کا مقدر ٹھہری۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عرفان اور محمد الیاس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سہیل تنویر نے چار کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ شاہد آفریدی اور عمران طاہر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ملطان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز وینس اور ایم ایم علی نے کیا، وینس پانچ رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد عامر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ایم ایم علی بھی صرف دو رنز بنا سکے۔ شان مسعود آٹھ رنز پر ہمت ہار گئے، ذیشان اشرف نے 12 رنز بنائے جبکہ روسو اور خوشدل شاہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا دونوں نے بالترتیب 49 اور 43 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ملتان سلطانز نے 14.5 اوور میں ہدف پورا کر لیا اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی اور راحت علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ وہاب ریاض نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔