لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) سرکل سٹائل کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے دی، ایک موقع پر پاکستان دو پوائنٹ کے خسارے کے ساتھ پیچھے تھا لیکن انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان نے 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے فتح حاصل کر لی، اس طرح کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کا ٹائٹل پاکستان نے جیت لیا۔ پاکستان نے کبڈی ورلڈ کپ فائنل کا ٹاس جیتا۔ دونوں ٹیمیں پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئیں۔ شائقین کبڈی کی بڑی تعداد پنجاب سٹیڈیم میں موجود تھی، گذشتہ روز پہلے سیمی فائنل
میں دفاعی چیمپئن بھارت نے آسٹریلیا کو ٹف مقابلے کے بعد بیالیس، بتیس سے پچھاڑ دیا تھا۔ پاکستان نے ایران کو تیس کے مقابلے میں باون پوائنٹس سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ واضح رہے کہ انڈیا کی جانب سے ٹیم بھیجے جانے سے انکار سامنے آیا تھا اور یہاں تک کے ان کے حکام نے اس کبڈی ٹیم کو اپنی ٹیم ماننے سے بھی انکار کر دیا تھا لیکن یہی ٹیم فائنل میں پہنچی اور ایک بہترین مقابلے کے بعد ہار گئی، پاکستانی کھلاڑیوں نے جیت کے بعد پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا۔