لاہور( آن لائن )قومی ٹیم کے آل رائونڈر محمد حفیظ کے بائولنگ ایکشن کا ٹیسٹ مکمل ہو گیا ہے جس کی رپورٹ آئندہ چند روز میں آئے گی۔ ان کے بائولنگ ایکشن کا ٹیسٹ لمز میں قائم بائیو مکینک لیب میں ہوا جو آئی سی سی کی منظور شدہ لیب ہے۔یاد رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے محمد حفیظ کے بالنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ ان کے ایکشن کے آزادانہ تجزیے میں اس کے غیر قانونی ہونے
کی تصدیق ہوئی تھی۔ بولنگ ایکشن کی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق محمد حفیظ کے بازو کا خم 15 ڈگری سے زیادہ ہوتا ہے۔انگلش کرکٹ بورڈ نے محمد حفیظ پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایکشن کی درستگی تک ای سی بی ایونٹس میں بولنگ نہیں کر سکیں گے۔پابندی کے بعد اپنے بیان میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ وہ آئی سی سی سے منظور شدہ کسی بھی سینٹر میں باولنگ ایکشن ٹیسٹ کیلئے تیار ہیں۔