لاہور( آن لائن )شان مسعود سپر فٹ کرکٹرزکی دوڑ میں سب سے آگے ہیں جب کہ سابق کپتان سرفرازاحمد کے فٹنس لیول میں نمایاں بہتری آگئی۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہورمیں شروع ہونے والے فٹنس ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ گذشتہ روز جاری رہا۔
10قومی کرکٹرز کو مختلف آزمائشوں سے گزارتے ہوئے ڈیٹا مرتب کیا گیا، ہیڈکوچ مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقاریونس بھی ٹیسٹ کے مختلف مراحل میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیتے رہے۔ذرائع کے مطابق شان مسعود سپر فٹ قرار پائے،یویو ٹیسٹ میں ان کا سکور20رہا، سابق کپتان سرفرازاحمد کے لیول میں نمایاں بہتری آئی ہے، امام الحق، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس بھی اپنا معیار برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، عمادوسیم، یاسر شاہ اورعابد علی چند آزمائشوں میں تھوڑا مشکل میں دکھائی دیے۔1،2 روز میں مرتب کی جانے والی ٹرینر یاسر ملک کی حتمی رپورٹ میں تعین ہوسکے گا کہ مجموعی فٹنس تسلی بخش رہی یانہیں۔یاد رہے کہ پی سی بی کو تمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لینا تھے، انجریز سے نجات کیلیے کوشاں حسن علی اور فخرزمان میڈیکل پینل سے کلیئرنس کے بعد جانچ کرانے کے قابل ہوں گے۔وائرل انفیکشن کے شکار کرکٹراظہرعلی،اسد شفیق، محمد رضوان، ٹائیفائیڈ میں مبتلا عثمان شنواری کا ٹیسٹ چند روز بعد لیا جائے گا، وہاب ریاض، محمد عامر اور شاداب خان بنگلہ دیش پریمیئرلیگ سے واپسی پر 20جنوری کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رپورٹ کریں گے۔پی سی بی نے اعلان کررکھاہے کہ جس کرکٹر کا فٹنس لیول مطلوبہ معیار سے کم ہوا اس کی تنخواہ سے 15فیصد کٹوتی شروع ہوجائے گی، یہ سلسلہ بہتری آنے تک جاری رہے گا۔