کراچی( آن لائن )پاکستان کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے بنگلہ دیش پریمئر لیگ سے علیحدگی اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی انجری کے باعث بنگلہ دیش پریمئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں مزید نہیں کھیل سکیں گے۔اس حوالے سے وہ وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
بوم بوم شاہد آفریدی بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں ڈھاکا پلاٹون کی جانب سے کھیل رہے تھے، دوسری جانب بنگلہ دیش پریمئر لیگ کی فرنچائز ڈھاکا پلاٹون نے پاکستان کے مزید دو کرکٹرز کو سکواڈ کا حصہ بنالیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کی انجری کے باعث ڈھاکا پلاٹون نے مایہ ناز بلے باز احمد شہزاد اور آل راونڈر فہیم اشرف کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔دوسری جانب ساتویں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں سنسنی خیز میچز کا سلسلہ جاری ہے۔ چیٹوگرام چیلنجرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے، اب تک کھیلے گئے میچز میں چیٹوگرام چیلنجرز کی ٹیم سب سے زیادہ 5 میچز جیت کر 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ راجشاہی رائلز اور ڈھاکہ پلاٹون کی ٹیمیں 8،8 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔کھلنا ٹائیگرز کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے جبکہ دفاعی چیمپئن کومیلا واریئرز کی ٹیم کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے اور وہ 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ اسی طرح سلہٹ تھنڈر اور رنگپور رینجرز کی ٹیمیں 2، 2 پوائنٹس کے ساتھ سب سے نیچے بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔یاد رہے کہ ساتویں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کا فائنل میچ 17جنوری کو کھیلا جائے گا۔