لاہور(این این آئی) پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان جنوری کے آغاز میں ہوگا، افتتاحی تقریب کراچی اور فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا، راولپنڈی اور ملتان بھی میزبان شہروں میں شامل ہیں۔
پاکستان کے سب سے کامیاب ڈومیسٹک کرکٹ ایونٹ پاکستان سپر لیگ فائیو کے شیڈول کے بارے میں مشاورت کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رنگ بکھیرے گی۔ پی ایس ایل 5 میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں سے فائنل سمیت 13 میچز لاہور میں رکھے گئے ہیں، کراچی کو 9 میچوں کی میزبانی دی گئی ہے جبکہ راولپنڈی میں 8 اور ملتان میں 4 میچز کرانے کی تجویز ہے۔ میچز پہلی مرتبہ پاکستان کے 4 شہروں میں کھیلے جائیں گے، شیڈول کا اعلان جنوری کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈنے پہلی مرتبہ پا کستان سپر لیگ کا مکمل ایڈیشن پاکستان میں کرانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔لاہور اور کراچی میں تو پہلے بھی پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد ہو چکا ہے جبکہ اس مرتبہ پی ایس ایل فائیو میں راولپنڈی اور ملتان میں بھی میچز کرانے کے لیے پی سی بی کو آزاد سکیورتی کنسلٹنٹس سے کلئیرنس مل چکی ہے۔ اس طرح پہلی مرتبہ لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں ایونٹ کے میچز کھیلے جائیں گے۔