نئی دہلی(آن لائن) پاکستان مخالف جذبات رکھنے والے بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیر کو ایک مرتبہ پھر پاکستانیوں کیخلاف ہرزہ سرائی کا موقع میسر آ گیا ہے جن کا کہنا ہے کہ دانش کنیریا کا معاملہ پاکستان کا اصل چہرہ دکھاتا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں لیگ سپنر دانش کنیریا کیساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کیا جاتا رہا۔لیگ سپنر دانش کنیریا نے شعیب اختر کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جلد ہی ان کرکٹرز کے نام بھی منظرعام پر لائیں گے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور بھارتیا جنتا پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ گوتم گمبھیر نے اس سارے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ واقعہ پاکستان کا اصل چہرہ دکھاتا ہے۔ان کا کہنا تھا یہ پاکستان کا اصلی چہرہ ہے، محمد اظہرالدین ہماری ٹیم کے کپتان تھے جنہوں نے 80 سے 90 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی نمائندگی کی۔ دانش کنیریا کا معاملہ پاکستان کی حقیقت دکھاتا ہے۔ انکے وزیراعظم بھی ایک سپورٹس مین ہے لیکن پھر بھی پاکستان میں لوگوں کو اس سب سے گزرنا پڑتا ہے۔ کنیریا نے پاکستان کیلئے 60 میچ کھیلے، اور یہ بہت شرمناک ہے۔گوتم گمبھیر نے مزید کہا کہ بھارت نے محمد کیف، عرفان پٹھان اور مناف پٹیل کو بہت عزت دی حتی کہ پٹیل تو میرے بہت قریبی دوست ہیں۔ ہم ہمیشہ ایک ٹیم کی طرح کھیلے اور اپنے ملک کیلئے فخر کا باعث بنے لیکن پاکستان سے آنے والی خبریں بہت بدقسمتی کی بات ہے۔