کراچی(آن لائن ) دنیا کے تیز ترین فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کے حق میں آواز بلند کردی۔سابق سپیڈ سٹار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین کو دونوں ٹیسٹ میچز میں نہ کھلانیکا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا، وہ اچھی فارم میں ہیں،
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی بھی دکھائی،ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔یاد رہے کہ ملکی سطح کے مقابلوں میں رنز کے انبار لگانیوالے فواد عالم 10سال سے قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے جس پر شائقین کرکٹ کی جانب سے سوشل میڈیا میں سخت ردعمل دیکھنے میں آیا، طویل انتظار کے بعد واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے سکواڈ کے اعلان کے وقت فواد عالم کو 10 سال بعد سکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا لیکن انہیں راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔فواد عالم ابتک165فرسٹ کلاس میچز کی 258اننگز میں 56.84کی اوسط سے12222رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 34سنچریاں اور60نصف سنچریاں شامل ہیں،وہ کم ترین اننگز میں 12000رنز مکمل کرنیوالے دوسرے پاکستانی بلے باز ہیں،اس فہرست میں پہلا نمبر لٹل ماسٹر حنیف محمد کا ہے جنہوں نے صرف231اننگز میں 12000فرسٹ کلاس رنز مکمل کیے تھے،سابق ٹیسٹ کرکٹر شفیق احمد264اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیکر تیسرے اور پاکستان کے کامیاب ترین ٹیسٹ کپتان اور موجودہ ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق266اننگز میں 12ہزار فرسٹ کلاس رنز مکمل کرکے چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔