نئی دہلی( آن لائن )بھارت کے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین بلے بازوں میں ہوتا ہے لیکن یہ بات آپ کو حیران کر دے گی کہ ان کی بیٹنگ میں سدھار لانے میں ایک ہوٹل کے ویٹر کا بہت کردار ہے جسے اب ڈھونڈ نکالا گیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق
گزشتہ دنوں ایک انٹرویو کے دوران سچن ٹنڈولکر نے بتایا کہ ایک بار میں بھارتی شہر چنائی میں تھا، وہاں ہماراا یک ٹیسٹ میچ ہو رہا تھا۔ایک روز میں نے تاج ہوٹل میں اپنے کمرے میں کافی منگوائی۔ٹنڈولکر نے مزید کہا کہ جب ویٹر کافی لے کر آیا تو اس نے مجھ سے کہا کہ کیا میں آپ سے کرکٹ کے متعلق کچھ بات کر سکتا ہوں؟میں نے اسے کہا کہ بولیں،تووہ کہنے لگا کہ میں آپ کا بہت بڑا مداح ہوں اور آپ کی ہر گیند کو ری وائنڈ کرکے بار بار دیکھتا ہوں، میں نے دیکھا ہے کہ جب آپ ایلبو گارڈ پہنتے ہیں تو آپ کا بیٹنگ کا سٹائل اور بیٹ سوئنگ تبدیل ہو جاتی ہے، آپ کو ایلبو گارڈ کے سائز اور ڈیزائن پر غور کرنا چاہیے۔سچن ٹنڈولکر نے کہا کہ ویٹر کی یہ بات سن کر میں حیران رہ گیا کیوں کہ دنیا میں وہ واحد شخص تھا جس نے یہ چیز نوٹس کی اور مجھے بتائی۔ اس کے جانے کے بعد میں نے اپنے ایلبو گارڈ کو دوبارہ ڈیزائن کیا، اس کا سائز ٹھیک کیا اور اس کی سٹرپس کی جگہ تبدیل کی، اس سے میری بیٹنگ پہلے سے کہیں بہتر ہو گئی، اب مجھے اس ویٹر کی تلاش ہے اورمیں اس سے ایک بار ملنا چاہتا ہوں۔