کرناٹاکا(آن لائن)بھارت میں جاری کرناٹکا پریمیئر لیگ میں سپاٹ فکسنگ کرنے پر 2 کھلاڑیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹکا پریمیئر لیگ میں کرپشن عروج پر پہنچ گئی ہے، پولیس نے لیگ میں سپاٹ فکسنگ میں ملوث 2 کھلاڑیوں کو گرفتار کرلیا ہے جن میں فائنل ہارنے والی ٹیم بیلی ٹکرز
کا کپتان سی ایم گوتم اور کھلاڑی ابرار قاضی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ سی ایم گوتم اور ابرار قاضی نے فائنل میں سلو بیٹنگ کے لئے 20لاکھ وصول کئے، بکیز اور پلیئرز میں رابطہ کار کی گرفتاری کے بعد دائرہ کار بڑھایا گیا، کرناٹکا پریمئر لیگ میں فکسنگ پر پہلے بھی 7 افراد گرفتار کیے گئے تھے۔ادھر بنگلور پولیس نے کئی سیزن کھیلنے والے 29 سالہ بیٹسمین نشانت سنگھ شیخاوت کو گرفتار کیا ہے۔ان پر گذشتہ سیزن میں سٹے باز کو کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف تک پہنچانے کا الزام ہے۔اس سے قبل پولیس منگلورو بلاسٹرز کے بولنگ کوچ وینوپرساد اور بیٹسمین ایم وشواناتھن کو بھی حراست میں لے چکی ہے۔ پولیس کے مطابق شیخاوت نے ہی وینو پرساد کو مبینہ طور پر چنڈی گڑھ کے بکی سے ملوایا تھا۔ جبکہ ان کے ذریعے وشواناتھن کو بکیز نے پانچ لاکھ بھارتی روپے کے بدلے 20گیندوں پر10 رنز سے بھی کم سکور کرنے کے لئے کہا تھا اور وشواناتھن نے17 گیندوں پر9 رنز بنائے تھے۔ وشواناتھن نے اپنا بیٹ بدل کر اور آستین چڑھا کر بکیزکو اپنے معاہدے کا اشارہ دیا تھا۔