اسلام آباد( آن لائن ) پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے چیف سلیکٹر بننے سے معذرت کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق ماضی کے معروف وکٹ کیپر گزشتہ چار دن سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے صدر دفتر میں موجود ہیں جہاں ان کی تسلسل کے ساتھ مصباح الحق اور ندیم خان کے ساتھ ملاقاتیں ہورہی ہیں لیکن وہ چیف سلیکٹر بننے پر رضامند نہیں ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پی سی بی اس مرتبہ نیوزی لینڈ کی طرز پر چھ صوبائی کوچز اور ایک ہیڈ کوچ کا تجربہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ کوچز کو نئی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ کام کرنا پڑے گا۔ماہرین کرکٹ کے مطابق یہ
امر افسوسناک ہی قرار دیا جائے گا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کبھی آسٹریلیا، کبھی برطانیہ اور کبھی نیوزی لینڈ کی طرز پر کام کرنے کی کوشش کرتا ہے جس کا نتیجہ انتہائی بھونڈے انداز میں برآمد ہوتا ہے۔غیر جانبدار مبصرین کے مطابق ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے ساتھ علاقائی کرکٹ کے فروغ کا عزم ظاہر کرنے والے کرکٹ بورڈ حکام کو چاہیے کہ ایک مرتبہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر طے کرلیں کہ ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے انہوں نے کس ماڈل پہ عمل پیرا ہونا ہے اور پھر اس کے بعد بنا کسی تبدیلی کے عمل درآمد کریں وگرنہ آدھا تیتر اور آدھا بٹیر والی کیفیت برقرار رہے گی۔