لاہور(آئی این پی ) ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا عزم لیے قومی ٹیم محمد عرفان کی قیادت میں(آج) اتوار کو بنگلادیش روانہ ہوگی۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق 18رکنی قومی ٹیم کے ہمراہ 5 آفیشلز بھی ہوں گے، 8 ٹیموں کو 2 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور جاپان، گروپ بی میں ملائیشیا، جنوبی کوریا، چین اور اومان
شامل ہیں۔پاکستانی ٹیم 11 اکتوبر کو بنگلادیش کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، گرین شرٹس اپنا دوسرا میچ 13 اکتوبر کو جاپان جبکہ تیسرا اور آخری میچ 15 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔واضح رہے کہ 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 22 اکتوبر کو کھیلا جائیگا، محمد عرفان ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ رضوان سینئر نائب کپتان ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں مظہر
عباس، امجد علی، عاطف مشتاق، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ابوبکر محمود، تصور عباس، راشد محمود، رضوان جونیئر، ارسلان قادر،اظفر یعقوب، عمر بھٹہ، علی شان، محمد عتیق، وقاص اکبر اور اعجاز احمد شامل ہیں، فرحت خان منیجر و ہیڈ کوچ، ملک شفقت اور محمد سرور کوچز، ڈاکٹر عاطف بشیر ٹیم کے ڈاکٹر اور ابوذربطور ویڈیو اینالسٹ ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔