لاہور(آئی این پی) پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان ثنامیر مسلسل تنقید پرپھٹ پڑیں ،ان کاکہناہے ورلڈکپ میں خراب پرفارمنس پرافسوس ہے لیکن ذاتی حملے کرنا کسی طرح مناسب نہیں ،موجودہ سیٹ اپ کے ہوتے ہوئے مزیدکھیلناممکن نہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر
جاری ایک پوسٹ میں انہوں نے پی سی بی موجودہ انتظامیہ کے ساتھ چلنے سے انکار کرتے ہوئے کوچ صبیح اظہر پر بھی شدید تنقید کی ہے۔ثنا میر کا کہناہے کہ کوچ کی خفیہ رپورٹ کامنظرعام پرآنا ہی ری ایکشن کا سبب بنا ہے ۔ثنامیرنے کہاکہ ڈیانابیگ کی حمایت پرکوچ سے شدیداختلاف ہوا کیونکہ ڈیانا بہترین فارم میں تھی اور میں نے اسے مسلسل کھلانے پرزوردیا تھا۔ثناء میر کا مزید کہنا تھا کہ خامیوں پرضرور بات ہونی چاہیے،مگرذاتی حملوں سے گریزکیاجائے۔ کپتان نے کہا کوچ کا سینئرز کو قصوروار ٹھرانا افسوسناک ہے۔بہترہوتاکہ کوچ دیگرکوچزکی طرح ٹیم کیساتھ کھڑے رہتے ۔ثنا میر نے کہا کہ میں نے کبھی خود کو پرفیکٹ کپتان نہیں سمجھا۔ ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی پر سب کھلاڑی افسردہ ہیں۔ ہارنے پر شرمندگی نہیں لیکن سو فیصد کارکردگی نہ دکھانے کا دکھ ضرور ہے۔ ثنا میر کا کہنا تھا کہ کوچ صبیح اظہر کا سینئر کھلاڑیوں پر کیچڑ اچھالنا درست نہیں ہے۔