لندن(آن لائن)متحدہ عرب امارات کے پیرا اولمپک ایتھلیٹ عبداللہ حئی ٹریننگ کے دوران جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عبداللہ حئی ان دنوں پیرا اولمپک مقابلوں میں شرکت کیلئے برطانیہ گئے ہوئے تھے جہاں انہوں نے گولہ پھینکنے کے مقابلوں میں حصہ لینا تھا تاہم وہ ٹریننگ کے دوران ہی جاں بحق ہوگئے۔ متحدہ عرب امارات کی پیرا اولمپک کمیٹی کے نائب صدر ماجد رشید نے عبداللہ حئی کی موت کی تصدیق کردی۔ انہوں نے کہا کہ جس پنجرے میں کھڑے ہو کر گولہ پھینکا جاتا ہے
وہی ٹوٹ کر عبداللہ کے سر پر آ گرا جس کی وجہ سے ان کی موت ہوئی۔متحدہ عرب امارات کی پیرا اولمپک کمیٹی کے نائب صدر نے عبداللہ حئی کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے جب میڈیا نمائندوں کو یہ خبر سنائی کہ وہ 5 بچوں کے باپ اور گھر کے واحد کفیل تھے تو ہال میں موجود ہر آنکھ اشکبار ہوگئی۔ پیرا اولمپک کمیٹی کی جانب سے عبداللہ حئی کی یاد میں ایک منٹ کیلئے خاموشی بھی اختیار کی گئی ۔دوسری جانب پیرا اولمپکس مقابلوں کی انتظامیہ نے پنجرہ ٹوٹنے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔