ٹاؤنٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ثنا میرپاکستانی ویمن کرکٹ کی تاریخ کی پہلی کھلاڑی بن گئیں جنہیں 100 ایک روزہ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، انھوں نے اپنا 100 واں ایک روزہ میچ ٹاؤنٹن میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلا۔بی بی سی کو انٹرویو میں ثنا میر نے کہاکہ جب کرکٹ کھیلنا شروع کی توسال میں صرف 4 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کوملتے تھے، اس لیے کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ یہاں تک پہنچ جاؤں گی لیکن اب جب ورلڈ کپ کھیلنے یہاں آ رہی تھی تواندازہ تھاکہ ایک سنگ میل حاصل کرنے جا رہی ہوں،
جن مشکلات اور وسائل کی کمی سے پاکستان کی ویمن کرکٹ دوچار رہی اس کے بعد یہ لمحہ میرے لیے قابل فخر ہے۔ثنا میر نے مزید کہاکہ بدقسمتی سے پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کو آج بھی جو سہولیات مل رہی ہیں وہ ٹیلنٹ دکھانے کے بعد ملی ہیں جبکہ باقی ملکوں میں پہلے کھلاڑیوں پر محنت کی جاتی ہے اور پھر نتائج کی توقع کی جاتی ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں تب تک کھلاڑیوں کی بہتری کے لیئے پیسے نہیں خرچ کیے جاتے جب تک وہ اچھے نتائج نہ لے کر آئیں۔