لاہور ( این این آئی) پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند ہونے کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ کو بیرون ملک دوروں، عالمی مقابلوں اور نیوٹرل مقام پر کرکٹ سے اربوں روپے کا منافع ہوا۔پی سی بی کے گزشتہ 5برس میں ہونے والی آمدنی اور بورڈ کی جانب سے کیے جانے والے اخراجات کی تفصیلات سامنے آئی ہے ۔ نجی ٹی وی نے دستاویزات کے حوالے سے بتایا کہ پی سی بی کی کل آمدنی 16ارب 11کروڑ روپے سے زائد رہی
جبکہ پی سی بی نے 2012 ء سے 2016 ء تک 12ارب 38کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات بھی کیے۔دستاویزات کے مطابق پی سی بی کو 2013ء سے 2015ء کے دوران بیرون ملک میچز سے 21کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہوئی جبکہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران ملک میں اور نیوٹرل مقامات پر میچز سے مجموعی طور پر 6ارب 9کروڑ روپے سے زائد کی آمدن ہوئی۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ 2012ء سے 2016ء تک بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد سے پی سی بی نے 6ارب 60کروڑ روپے سے زائد کمائے۔ملک میں بین الاقوامی کرکٹ سے محروم رہنے کے باوجود پی سی بی کو اسپانسرشپ اور دیگر آمدن مد میں 3ارب 20کروڑ روپے سے زائد کی کمائی ہوئی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیرون ملک دوروں پر پچھلے 5سالوں میں 1ارب 7کروڑ روپے کے اخراجات کیے گئے جبکہ پاکستان میں اور نیوٹرل مقامات پر میچز کے انعقاد پر 2ارب 54کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات ہوئے۔ملک میں قومی سطح کے ٹورنامنٹس کے انعقاد پر 3ارب 6کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات ہوئے جبکہ پی سی بی نے 5برس میں 3ارب 23کروڑ روپے سے زائد کے انتظامی اخراجات بھی کیے۔دستاویزات کے مطابق پی سی بی کو 2015ء میں سب سے زیادہ منافع ہوا جو تقریباً 1ارب 71 کروڑ روپے ہے۔