لاہور(آن لائن ) مختلف سکیورٹی اداروںنے قذافی سٹیڈیم لاہورمیں ہونے والے پی ایس ایل کے فائنل میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو لاہور ائیرپورٹ سے پی سی ہوٹل اور پی سی ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم پہنچانے کے حوالے سے فل ڈریس ریہرسل کی۔ ریہرسل میں پولیس، ٹریفک پولیس، ریسکیو1122، فائر بریگیڈ، خفیہ ایجنسیوں اور سکیورٹی اداروں کے
اہلکاروں سمیت ان کی گاڑیوں دوفلائنگ کوچوں سمیت پی سی بی کی گاڑیوں نے حصہ لیا۔ لاہور ائیرپورٹ سے شروع کی جانے والی فل ڈریس ریہرسل اپنے روٹ سے گزرتی ہوئی پی سی ہوٹل پہنچی جبکہ پی سی ہوٹل سے یہ فل ڈریس ریہرسل قذافی سٹیڈیم تک گئی۔فل ڈریس ریہرسل کے دوران سکیورٹی اداروں نے روٹ پر نصب کیے گئے سی سی ٹی وی کیمروں میں رکاوٹ بننے والی مشکلا ت کا جائزہ لیا۔ اور ان رکاوٹوں کو ختم کرنے کی تجاویز پیش کیں جبکہ ریہرسل سے قبل پی ایس ایل کے فائنگ کی ٹیموں کے روٹ پر نصب کیے گئے کیمروں میں رکاوٹ کا باعث بننے والے درختوں کی کانٹ چھانٹ بھی کی گئی۔ اس کے علاوہ قذافی سٹیڈیم لاہور کے اندر پی ایس فائنل کے تمام انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔