اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی کامیاب کرکٹر بننے سے پہلے ریلوے میں ٹی ٹی ای تھے، اپنی نرم دلی اور عجزوانکساری کے حوالے سے مشہور دھونی پر قسمت کی دیوی مہربان ہوئی اور وہ راتوں رات دنیا کی مقبول شخصیت کے روپ میں نظر آئے۔اپنی ریلوے میں تعیناتی کے دوران وہ کھارگ ریلوے سٹیشن پر
ایک چائے کے ڈھابے پر روزانہ چائے پیا کرتے تھے اور چائے کے ڈھابے کے مالک تھامس سے ان کی دوستی بھی تھی۔ دھونی سے متعلق کہا جاتا ہے کہ مقبول ہونے کے بعد بھی ان کے مزاج اور طبیعت میں فرق نہیں آیا اور وہ اپنے پرانے دوستوں سے آج بھی رابطے میں رہتے ہیں۔دھونی دنیاوی مقام و مرتبہ کو اپنی نجی زندگی پر حاوی نہیں ہونے دیتے اس بات کا ثبوت کلکتہ کے ایڈن گارڈن سٹیڈیم میں جاری وجے ہزارے ٹرافی کے دوران دیکھنے کو ملا جب دھونی کے پرانے دوست کھارگ ریلوے سٹیشن پر قائم چائے کے ڈھابے کے مالک تھامس ان سے ملاقات کیلئے ڈریسنگ روم میں پہنچے تو 13سال بعد ملاقات ہونےکے باوجود دھونی نے نہ صرف انہیں پہچان لیا بلکہ نہایت زندہ دلی سے اپنے دوست تھامس کو گلے سے لگا لیا اور بعد ازاں ڈنر بھی تھامس کیساتھ کیا اور پرانی یادوں کو تازہ کیا۔