لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈنے پی ایس ایل فائنل کے لاہورمیں انعقاد کے اعلان پر حکومتی اور عوامی بھرپور سپورٹ ملنے کے بعد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی اْمیدیں روشن کرلی ہیں۔ پی سی بی اورحکومت پنجاب نے لاہورمیں پانچ مارچ کو شیڈول پی ایس ایل فائنل کیلئے انتہائی سخت سکیورٹی کا انتظام کیا گیاہے۔پی سی بی نے فوجی اور حکومتی بھرپور سپورٹ ملنے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈکے حکام کو بھی
اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے قائل کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ لاہور میں پاکستان سپرلیگ کے کامیاب انعقاد کی صورت میں امکان ہے کہ اس سال کے آخر میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے نہ آنے کی صورت میں پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت کی جگہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بلا کر سیریز کھیلنا چاہتا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم جولائی میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش بورڈ کو تجویز دی ہے کہ اگر وہ رضامندی ظاہر کریں تو بنگلہ دیش ٹیم پاکستان کا دورہ کرے جس میں ٹیسٹ،ون ڈے اور ٹی 20 میچ شامل ہوں گے۔پی سی بی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیم تین بار بنگلہ دیش کا دورہ کرچکی ہے اس لئے اب بنگلہ دیش پاکستان کا دورہ کرے۔ بنگلہ دیشی سیکورٹی وفد نے سیکورٹی وفد کلیئرنس دیدی تو دسمبر میں دونوں ٹیموں کے درمیان مکمل سیریز ہوگی۔