لاہور (آئی این پی)پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں معطل کرکٹرز خالد لطیف اور شرجیل خان کی اپنے وکلا سے مشاورت جاری ہے۔ دونوں کھلاڑیوں نے چارج شیٹ کا جواب جمع کرانے کے لیے اپنے ویڈیو بیانات کی ریکارڈ نگ حاصل کر لی۔ خالد لطیف اور شرجیل خان نے دبئی اور لاہور میں اینٹی کرپشن یونٹ کی تحقیقات کے دوران اپنے ویڈیو بیانات ریکارڈ کرائے تھے۔
چارہ روزہ سماعت کے بعد شرجیل خان اور خالد لطیف کو چارج شیٹ جاری کی گئی تھی جس میں رقم لے کر میچ کے نتائج پر اثر انداز ہونے، بکی سے ملنے، ملک اور کرکٹ کی ساکھ خراب کرنے کے الزامات لگائے گئے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دونوں معطل کرکٹر تین مارچ تک چارج شیٹ کا جواب دینے کے پابند ہیں۔ اعتراف جرم نہ کرنے کی صورت میں پی سی بی سنئیر جج کی سربراہی میں ٹریبیونل بنائے گا جو کیس کی سماعت کرے گا۔