لاہور(آن لائن) پی ایس ایل فائنل کے لیے سات ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کا فیصلہ کیاگیاہے۔ قذافی اسٹیڈیم کے اردگرد دکانیں اور ریسٹورنٹ بند کردیئے گئے پی ایس ایل ٹو کا فائنل لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ اسٹیڈیم کو سکیورٹی اداروں کی تحویل میں دے دیا جائے گا۔سات ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔میچ دیکھنے والے تمام شائقین کے لئے پانچ مختلف سکیورٹی حصار بنائے گئے ہیں جن سے شائقین کو
گزر کر اسٹیڈیم کے اندر جانا ہوگا۔اسٹیڈیم کے اردگرد دکانیں اور ریسٹورنٹ آج بند کردیئے جائیں گے۔عام شہریوں کے لئے بھی قذافی سٹیڈیم چھ مارچ تک بند رہے گا۔نشتراسپورٹس کمپلیکس بھی صبح سے بند کردیا جائے گا۔اسٹیڈیم کے اطراف میں سرچ آپریشن تیز کردیا گیاہے۔ گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم سے دور ہوگی۔میچ دیکھنے آئے شائقین کو کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ شائقین کو قومی شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔اسٹیڈیم کے تمام راستوں پر واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔اسٹیڈیم کے اطراف میں پولیس کا گشت پانچ مارچ کی صبح سے ہی شروع کردیا جائے گا۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔