لاہور (آئی این پی) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے سکیورٹی پلان طے کر لیا گیا ہے ،پلان کے مطابق سکیورٹی کے پانچ حصار قائم کئے جائیں گے۔ پانچ مارچ کو جیل روڈ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ اور گلبرگ مین بلیوارڈ کو عام ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند رکھا جائے گا۔پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہو گا۔
زمبابوے کے دورہ پاکستان کے سکیورٹی ماڈل کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سکیورٹی کے 5 حصاروں میں رینجرز اور ایلیٹ فورس کے علاوہ دس ہزار پولیس کے جوان فرائض سرانجام دیں گے۔پنجاب کے پانچ اضلاع اٹک، چنیوٹ، منڈی بہاؤالدین، وہاڑی اور گوجرانوالہ سے ڈی پی او اور ایس پی حضرات طلب کر لئے گئے ہیں۔ سکیورٹی ٹیم کی سربراہی ایس ایس پی رانا ایاز سلیم کے ذمے ہوگی۔پانچ مارچ کوجیل روڈ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ اور گلبرگ مین بلیوارڈ عام ٹریفک کے لئے بند ہوگا۔ قذافی اسٹیڈیم میں چڑیا بھی نظروں سے بچ کر داخل نہ ہو سکے اس کیلئے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کے 86 آٹومیٹک کیمروں کے علاوہ سیف سٹی پراجیکٹ کے 100 سے زائد کیمرے ہر چیز پرنظر رکھیں گے۔میچ دیکھنے والے تمام شائقین کے لئے پانچ مختلف سکیورٹی حصار بنائے گئے ہیں جن سے شائقین کو گزر کر اسٹیڈیم کے اندر جانا ہوگا۔اسٹیڈیم کے اردگرد دکانیں اور ریسٹورنٹ آج بند کردیئے جائیں گے۔ عام شہریوں کے لئے بھی قذافی سٹیڈیم چھ مارچ تک بند رہے گا۔نشتراسپورٹس کمپلیکس بھی صبح سے بند کردیا جائے گا۔اسٹیڈیم کے اطراف میں سرچ آپریشن تیز کردیا گیاہے۔ گاڑیوں کی پارکنگ اسٹیڈیم سے دور ہوگی۔میچ دیکھنے آئے شائقین کو کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
شائقین کو قومی شناختی کارڈ ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔اسٹیڈیم کے تمام راستوں پر واک تھرو گیٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔اسٹیڈیم کے اطراف میں پولیس کا گشت پانچ مارچ کی صبح سے ہی شروع کردیا جائے گا۔ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ تماشائیوں کی نادرا کی مدد سے بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی۔کالج اینڈ پر نیا میڈیا باکس، مہمان دار کمرے اور پریس کانفرنس روم مکمل ہوچکے ہیں جبکہ قذافی اسٹیدیم کا اسٹاف لش گرین گراؤنڈ کی فائنل تراش خراش کر رہا ہے۔