لاہور(آئی این پی)لاہور میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائنل کے لیے ہیلی کاپٹر کو کھلاڑیوں کو سٹیڈیم تک لانے اور لے جانے کیلئے استعمال کرنے کی تجویز پر پولیس نے کام شروع کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کے اعلٰی سطحی اجلاس میں پولیس افسران کی جانب سے تجویز دی گئی کہ کھلاڑیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوٹل سے سٹیڈیم تک لایا اور پھر سٹیڈیم سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے واپس ہوٹل لایا جائے۔ تجویز پر متعدد افسران نے
رضامندی ظاہر کر دی ہے تاہم حتمی فیصلہ میچ والے روز ہی کیا جائے گا ، افسران کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال سے نہ صرف سیکیورٹی بہتر طریقے سے سرانجام دی جا سکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ سڑکوں کو بلاک کرنے سے بھی روکا جا سکتا ہے۔ہیلی کاپٹر ٹرانسپورٹ سے شہریوں کی مشکلات میں بھی کمی آئے گی ، تجویز پر عملدر آمد کے لیے لاہور پولیس نے فیصلہ کیا کہ ہوٹل اور سٹیڈیم کے قریب ہیلی پیڈ تیار کیے جائیں گے۔