دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز میں شامل 21 سالہ فاسٹ باؤلر محمد عرفان جونئیر کی کہانی زندگی میں مشکل حالات کے باوجود آگے بڑھنے کی ایک زندہ مثال ہے۔دراز قد عرفان جونئیر نے پی ایس ایل میں اپنے پہلے ہی میچ میں انگلینڈ کے سپر اسٹار کیون پیٹرسن کو آؤٹ کرکے سب کی توجہ حاصل کی لیکن کھیل کے بڑے اسٹیج تک پہنچنے کے لیے عرفان کو بڑے
پاپڑ بیلنے پڑے ہیں۔ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے عرفان جونئیر نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ‘میرے والد بس ڈرائیور ہیں، بھائی بھی بس چلاتا ہے۔عرفان نے بتایا کہ ‘میں کچھ بڑا ہوا تو گھر والوں کی مدد اور خرچہ چلانے کے لیے ورکشاپ میں کام کیا ،پھر میڈیکل اسٹور میں بھی کام کیا، میرے حالات زندگی ماضی میں اتنے اچھے نہیں رہے لیکن اب میں بہت محنت کررہا ہوں، لیگ کا آغاز اچھا کیا ہے لیکن مزید آگے جانا چاہتا ہوں۔عرفان نے کہا کہ کیون پیٹرسن جیسے سپر اسٹار بیٹسمین کو آؤٹ کرنا تو درکنار یہ بھی نہیں سوچا تھا کہ انہیں کبھی باؤلنگ کرانے کا بھی موقع ملے گا۔