کراچی(این این آئی)جاپانی کراٹے ماسٹر بچوں اور بڑوں کو کراٹے سکھانے پاکستان پہنچ گیا،زبان سے نا آشنائی کے باوجود پاکستانیوں نے جدید دائو پیچ سیکھے۔تفصیلات کے مطابق جاپانی انفارمیشن اینڈ کلچرل سینٹر میں کراٹے کی تین روزہ ورک شاپ کا آغاز ہوگیا ہے ،جس میں تربیت کے لئے جاپان کراٹے ایسو سی ایشن کے انسٹرکٹر سیون ڈان شنہا پاکستان پہنچ گئے ہیں ۔ تین روزہ ورکشاپ میں ملک بھر سے
ہر روز کراٹے کے 50کھلاڑی تربیت حاصل کریں گے۔ زبان سے ناواقفیت کےباوجود پاکستانی کھلاڑیوں نے تربیت کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ پاکستان میں لگ بھگ 40ہزار سے زائد کراٹے کے کھلاڑی ہیں جبکہ دوسری طرف کراٹے کو 2020 میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کا حصہ بھی بنایا گیا ہے۔ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے جاپان نے پاکستان میں کراٹے کے فروغ کے لئے تین روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا ہے۔یہ ورکشاپ جمعرات تک جاری رہے گی۔