لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ایس ایل میں سپاٹ فکسنگ کے الزامات پر معطل کیے گئے شرجیل خان کے والد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پی سی بی نے شرجیل خان کو کسی ‘غلط بندے سے ملنے کی وجہ سے شبہ کی بناء پر معطل کیا۔ان کا کہنا تھا، ‘ہوسکتا ہے لابی میں کسی سے شرجیل کی ملاقات ہوئی ہو، شرجیل جس ہوٹل میں تھا وہاں 1500 کمرے ہیں اور بہت سے لوگ آکر تصویریں
بنواتے ہیں، ہوسکتا ہے کسی مشکوک شخص سے ملاقات ہوئی ہو۔انھوں نے بتایا، ‘میری شرجیل سے بات ہوئی ہے، انھوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، شاید ان سے کوئی چھوٹی سی غلطی ہوئی ہو، جس کی مزید تحقیقات پی سی بی کرے گا اور سارا معاملہ سامنے آجائے گا۔شرجیل خان کے والد کا مزید کہنا تھا، ‘میں نے 12 سال کی عمر سے اسے کرکٹ سکھائی ہے، میں نے اس کے کردار کے حوالے سے کبھی کوئی منفی بات نہیں دیکھی اور مجھے یقین ہے کہ تحقیقات کے بعد وہ کلیئر ہوجائیں گے۔