لاہور ( آن لائن ) دنیا بھر کی نظریں پاکستان سپر لیگ کے میچ فکسنگ سکینڈل پر ٹکی ہیں اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ نیا انکشاف لوگوں کی حیرانی میں اضافہ کر رہا ہے ، ایسے ہی ایک اور حیران کن انکشاف نے لوگوں کو واقعی ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔نجی ٹی وی چینل نے انکشاف کیا ہے کہ سپاٹ فکسنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو سب سے پہلے پی سی بی کے سیکیورٹی انچارج کرنل محمد اعظم خان نے پکڑا اور ان کی
نشاندہی کی جس کے بعد کھلاڑیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع ہوا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے قبل بکیز نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور کئی کھلاڑیوں نے بکیز کو خراب کارکردگی کا یقین دلایا تھا۔کچھ کھلاڑیوں نے سٹے بازوں کی پیشکش قبول کی جبکہ کچھ نے پیشکش سن کر آئی سی سی اینٹی کرپشن حکام یا پی سی بی حکام کو آگاہ نہیں کیا جس کے بعد کھلاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔پی سی بی کی جانب سے خالد لطیف اور شرجیل خان کو پی ایس ایل سے باہر نکال دیا گیا جبکہ ان کا سینٹرل کنٹریکٹ بھی معطل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب محمد عرفان، شاہزیب اور ذوالفقار بابر سے میچ فکسنگ کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔۔