اسلام آباد (آئی این پی ) قومی اسمبلی میں کھیلوں کے وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کی پاکستان کے قومی کھیل سے لاعلمی سامنے آگئی، رکن قومی اسمبلی کے سوال کے جواب میں کبڈی کو قومی کھیل قرار دیدیا، پی پی پی کے رکن اسمبلی عبدالستار بچانی کا کبڈی کے علاقائی کھیل کو قومی کھیل قرار دینے پر احتجاج، سپیکر سردار ایاز صادق نے یہ کہہ کر وفاقی وزیر کو بچا لیا کہ وزیر صاحب نے ہاکی کو بھی قومی کھیل قرار دیا ہے ۔
پیر کو ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ و کھیل ریاض پیر زادہ نے پی ٹی آئی کے رکن ساجد احمد کے سوال کے جواب میں کبڈی کو بھی قومی کھیل قرار دیدیا ۔ ساجد احمد نے پوچھا تھاکہ پاکستان کا قومی کھیل کون سا ہے ، ریاض پیرزادہ نے سوال کا براہ راست جواب دینے کی بچائے آئیں بائیں شائیں شروع کر دی اور کہا کہ کبڈی ہمارا قومی کھیل ہے اور ہاکی بھی قومی کھیل ہے جس پر پیپلز پارٹی عبدالستار بچانی نے کہا کہ وزیر کھیل کو یہ نہیں پتہ کہ کبڈی قومی کھیل نہیں ایک علاقائی کھیل ہے اس طرح تو سندھ میں ’’ملاکھڑا‘‘ اور بلوچستان میں فٹبال بہت مقبول کھیل ہیں ۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے یہ کہہ کر ریاض پیرزادہ کو مشکل صورتحال سے نکال لیا کہ وفاقی وزیر نے ہاکی کا بھی نام لیا ہے کہ یہ ہمارا قومی کھیل ہے ۔ بعد ازاں ریاض پیرزادہ نے عبدالستار بچانی کے سوال کے جواب میں طنز کیا کہ معزز رکن تو صرف گلی ڈنڈا اچھا کھیل لیتے ہیں