زیورخ (این این آئی)فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے یہ تجویز دی ہے کہ ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کی تعداد 48 ہونی چاہیے جو کہ انتخاب کے دوران کیے جانے والے ان کے وعدے سے زیادہ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فیفا کے صدر نے کہا کہ اس میں سے 16 ٹیمیں ایک ناک آؤٹ میچ کھیل کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گی ٗ اس کے بعد 32 ٹیمیں گروپ میچز میں شرکت کریں گی پھر ناک آوٹ مرحلہ شروع ہوگا۔صدارتی انتخاب کے اپنے ایک وعدے میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ ٹیم کی تعداد 40 کر دیں گے۔انھوں نے کہا کہ اس بابت تنظیم کی مجلس عاملہ کے جنوری اجلاس میں فیصلہ کیا جائیگا۔46 سالہ صدر نے کہاکہ ان خیالات کا بہترین حل چاہتے ہیں۔ رواں ماہ اس پر غور خوض کیا جائے گا اور 2017 تک ساری چیزیں طے پا جائیں گی۔ہم نے اپنے خیالات پیش کر دیے اب دیکھتے ہیں کہ ان میں سے کون بہترین ہے۔انفینٹینو نے سیپ بلیٹر کے استعفے کے بعد فروری میں فیفا کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ان کی تجاویز میں میزبان ملک میں ابتدائی ناک آؤٹ میں 32 ٹیمیں شرکت کریں گی اور فاتح ٹیم کو گروپ میں شامل کیا جائے گا ٗ 16 دیگر بہترین ٹیموں کو گروپ میں براہ راست جگہ مل جائے گی۔انھوں نے کہا کہ اس طرح عام ورلڈ کپ کی طرح 32 ٹیمیں ہی رہیں گی لیکن اس جشن میں 48 ٹیمیں شریک ہوں گی۔