آکلینڈ(نیوز ڈیسک )نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کین ولیمسن کی قیادت میں 13 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا، آل راؤنڈر ٹوڈ ایسٹل کو پہلی دفعہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ مک کولم مختصر طرز کرکٹ سے کنارہ کشی کے باعث ٹیم میں شامل نہیں۔کیوی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹؤئنٹی میں تین اسپنرز کو ٹیم میں شامل کرنا چاہتے ہیں اسی لیے 29 سالہ ایسٹل کو پاکستان کے خلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ بنا یا گیا ہے۔مائیک ہیسن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ”ہمیں ہندوستان میں ورلڈٹی ٹوئنٹی کے دوران ممکنہ طورپر اسپن وکٹوں کا سامنا ہوگا جس کے لیے ضروری ہے کہ ہم تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھیں اور ایسٹل ہمارے لیے ایک بہترین ذریعہ ہیں”۔ان کا کہنا تھا کہ “پاکستان کے خلاف سیریزمشکل ہوگی”۔کیوی ٹیم میں مچل سینٹنر کی صورت میں دوسرے اسپن باؤلر بھی موجود ہیں۔تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر کو پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آرام کا موقع دیا گیا، ان جگہ ٹام لیتھام کو ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی، اْن میں کین ولیمسن (کپتان)، کورے اینڈرسن، ٹوڈ ایسٹل، ٹرینٹ بولٹ، گرانٹ ایلیٹ، مارٹن گپٹل، میٹ ہنری، ٹام لیتھام، مچل مک کلینگن، ایڈم ملنے، کولن مینرو، لیوک رانچی، مچل سینٹنراور روس ٹیلر شامل ہیں.ٹام لیتھام صرف پہلے میچ جبکہ روس ٹیلر دوسرے اور تیسرے میچ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔شاہد آفریدی کی قیادت میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم پہلے ہی نیوزی لینڈ پہنچ چکی ہے جہاں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5 سال کی سزابھگتنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر 5 سال بعد پہلی دفعہ ٹیم کے ساتھ ہیں۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 15 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ 17 جنوری کو ہملٹن اور تیسرا میچ 22 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔