لاہور(نیوز ڈیسک)وہاب ریاض نے محمد عامر کو اپنے لیے خطرہ قرار دینے کا تاثر مسترد کردیا،ان کا کہنا ہے کہ مجھے پیسر کی واپسی سے کوئی مسئلہ نہیں، بہتر اسکواڈ کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کو مواقع دینے کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں وہاب ریاض نے کہاکہ میں محمد عامر کی واپسی سے اپنے لیے کوئی خطرات محسوس نہیں کرتا، ان کے ٹیم میں جگہ بنانے سے میرے لیے مسائل نہیں ہوں گے، انھوں نے کہا کہ بہتر قومی اسکواڈ کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کو تسلسل سے مواقع دینا ہوں گے، آئندہ ایونٹ کی تیاری کے لیے دورہ نیوزی لینڈ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ہمیں بخوبی اندازہ ہوگا کہ اس وقت کارکردگی کے معیار میں کہاں کھڑے ہیں، ایک اچھی بات یہ بھی ہے کہ بعد ازاں کرکٹرز یو اے ای کی بیٹنگ اور سلو پچز پر پی ایس ایل کے دوران مسابقتی کرکٹ کھیلیں گے، کیویز کیخلاف سخت مقابلوں کے بعد دبئی اور شارجہ میں فرنچائز ٹیموں کی جانب سے کھیلتے ہوئے ورلڈٹی ٹوئنٹی کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا، امارات کی کنڈیشنز بھارت سے ملتی جلتی ہیں، وہاں بھرپور میچ پریکٹس حاصل ہوگی۔ایک سوال پر وہاب ریاض نے تسلیم کیا کہ انگلینڈ سے محدود اوورز کے مقابلوں میں شکستیں فٹنس میں کمی کا نتیجہ تھیں،انھوں نے کہا کہ بیٹنگ میں بھی جارحیت کی کمی نظر آئی، آخری اوورز میں بولنگ توقعات کے مطابق نہ تھی،انھوں نے کہا کہ ناقص فیلڈنگ کے باعث وکٹوں سے محرومی کو دل کا روگ نہیں بناتا، بعض اوقات اہم موقع پر قسمت ساتھ نہیں دیتی، کرکٹ میں ایسا ہونا کوئی نئی بات نہیں، لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے مسائل پر قابوپانے کیلیے سخت محنت کی، امید ہے کہ بہتری کی طرف سفر جاری رہے گا۔