اسلام آباد (نیوزڈیسک) بھارت کے نگران ہائی کمشنر جے پی سنگھ نے وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کو سیف گیمز میں شرکت کیلئے بھارت آنے کی دعوت دیدی ہے جبکہ وفاقی وزیر نے یقین دلایا ہے پاکستانی دستہ ان کھیلوںمیں شریک ہوگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر بین الصوبا ئی رابطہ سے بھارت کے نگران ہائی کمشنر جے پی سنگھ کی سربراہی میں چھ رکنی وفد نے ملاقات کی جس دوران سیف گیمز میں پاکستان کی شرکت یقینی بنانے پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق بھارتی وفد نے ریاض حسین پیرزادہ کو سیف گیمز میں بھارت آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سیف گیمز میں مکمل نمائندگی کرے، اس فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی شہرگو ہاٹی کو مکمل گھیر لیاگیا ہے۔بھارت کے نگران ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں کھیلوں کے فروغ سے کشیدگی کم ہو گی اور کھیل دونوں ممالک کے اختلافات دور کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان کا 300سے زائدکھلاڑیوں پر مشتمل دستہ سیف گیمز میں شرکت کر نے والا ہے جس کے لئے تربیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔