سڈنی(نیوز ڈیسک)آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے ہیں۔کھانے کے وقفے کے بعد کھیل بارش کی وجہ سے قدرے متاثر رہا۔ چائے کا وقفہ قبل از وقت لیا گیا اور 90 کے بجائے صرف 75 اوورز کا ہی کھیل ہو سکا۔ بارش آنے سے قبل ویسٹ انڈیز نے تین وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے تھے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپنر کریگ براتھویٹ نے 85 رنز بنائے اور نیتھن لیون کا شکار بنے۔کھیل کے اختتام پر وکٹ کیپر رام دین 23 رنز اور کارلوس براتھویٹ 35 رنز پر کھیل رہے تھے۔آسٹریلیا کی جانب سے لیون نے دو جبکہ ہیزل وڈ، پیٹنسن اور اوکیف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس کی پہلی وکٹ صرف 13 رنز کے مجموعی سکور پرگر گئی پھر اوپنر کریگ براتھویٹ اور براوو کے درمیان اہم شراکت ہوئی لیکن براوو 33 رنز بناکر عثمان خواجہ کے ہاتھوں پیٹنسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔میرلن سیموئلز صرف چار رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے اور اسی کے ساتھ بارش آ گئی۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل ہے۔میلبرن میں کھیلے جانے والے دوسرے میچ میںآسٹریلیا نے 177 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے قبل ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ایک اننگز اور 212 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔