لاہور(نیوزڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے اہم باﺅلر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر پی سی بی کی طرف سے بنائی گئی کمیٹی اپیل کے معاملے پرتقسیم ہوگئی ہے اور حتمی فیصلہ چیئرمین شہر یار خان(آج) اتوار کو کریںگے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یاسر شاہ کے ڈوپ ٹیسٹ پر اپیل کرنے کے حوالے سے بنائی گئی کمیٹی نے کام مکمل کرلیا ہے۔ پانچ رکنی کمیٹی میں 3 ارکان نے اپیل کی مخالفت کردی جبکہ باقی 2 ارکان نے اپیل کرنے کی حمایت کی ہے۔واضح رہے کہ یاسر شاہ کا یکم نومبر کو انگلینڈ کے خلاف میچ میں ڈوپ ٹیسٹ لیا گیا تھا جو کہ مثبت آیا تھا جس کے بعد آئی سی سی نے ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کردی تھی۔ ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پی سی بی نے اس معاملے کا جائزہ لینے کیلئے ایک پانچ رکنی کمیٹی قائم کی تھی جس میں 2 ڈاکٹرز، 2 پی سی بی آفیشلز اور ایک پی سی بی کے کوچ کو شامل کیا گیا تھا۔