لاہور(نیوز ڈیسک) چیف سلیکٹر ہارون رشید کہتے ہیں کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ تجربات کا وقت ختم ہو گیا ورلڈ کپ کو سامنے رکھتے ہوئے اٹھارہ کھلاڑیوں کا پول تیار کر رہے ہیں۔قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون رشید نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی اور ٹیم منیجمنٹ نے مشاورت مکمل کر لی ہے۔ اسکواڈ کا حتمی اعلان ایک دو روز میں کر دیا جائے گا۔ چیف سلیکٹر نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جتنے تجربات کرنے تھے کر لیے۔ ڈومیسٹک کرکٹرز میں کوئی دم خم نظر آیا کہ کسی کو براہ راست قومی ٹیم میں شامل کر لیا جائے۔ چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پہلے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کریں گے جبکہ فکسنگ سزا یافتہ محمد عامر کی شرکت کا گرین سگنل تو مل گیا البتہ نوجوان بولر کی روانگی ویزہ ملنے سے مشروط ہو گی۔