دبئی(نیوز ڈیسک) وقاریونس کی حوصلہ افزائی بھی یونس خان کو ریٹائرمنٹ سے نہ روک پائی، سینئر بیٹسمین نے چاروں میچز کھیلنے کی یقین دہانی کے ساتھ بیٹنگ آرڈر میں چوتھا نمبر خود ہی منتخب کیا، مگر سیریز شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل پہلے میچ کو ہی آخری قرار دیدیا، ہیڈ کوچ آج تک انوکھے فیصلے کی وجوہات جاننے کے منتظر ہیں۔تفصیلات کے مطابق یونس خان کو رواں سال ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے بعد ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کردیاگیا تھا،اس فیصلے کیخلاف ان کی جانب سے میڈیا میں تندو تیز جملوںکی بارش بھی مسلسل جاری رہی، بالاآخر یواے ای میں انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی فارم کی بدولت سینئر بیٹسمین کو ایک بار پھر محدود اوورز کی کرکٹ میں آزمانے کا فیصلہ کیا گیا۔چیف سلیکٹر ہارون رشید کا کہنا تھا کہ تجربہ کار مصباح کی ریٹائرمنٹ سے پیدا ہونے خلا پ±رکرنے کیلئے یونس خان ہی مضبوط امیدوار ہیں، دوسری جانب یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ ہیڈ کوچ وقار یونس ان کی واپسی کے حق میں نہیں ہیں، آخر کار انھیں انگلینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں شرکت کا موقع فراہم کردیا گیا لیکن انھوں نے پہلا میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ہی حیران کن طور پر ریٹائر منٹ کا اعلان کردیا۔”قومی اخبار“ کو انٹرویو میں ہیڈ کوچ وقار یونس نے بتایا کہ میں نے یونس خان کے ساتھ بیٹھ کر ان سے کہا کہ بیٹنگ آرڈر میں نمبر ایک سے 11تک جو چاہو منتخب کرسکتے ہو، بیٹسمین نے کہاکہ میں چوتھی پوزیشن پر کھیلنا چاہتا ہوں ، میرا جواب تھا کہ اچھی بات ہے، تم سیریز کے چاروں میچز کھیلو گے، اس کے بعد میں یہ جان کر حیران رہ گیا کہ یونس نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، مجھے نہیں معلوم کہ ان کے اس فیصلے کے پیچھے کیا وجوہات تھیں۔