ممبئی( آئی این پی) بھارتی کر کٹ بورڈ نے پاکستان کے انکار کے بعد ایک اور یو ٹرن لے لیا،بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کو بھارت میں آکر سیریز کھیلنے کی دعوت نہیں دی۔ ان کی ابھی تک اپنی حکومت سے پاک بھارت سیریز سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ابھی تک اس بارے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا تو دعوت کیسے دے سکتے ہیں۔ ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار سے اس بارے میں دو بار بات ہوئی ہے اور دو دن بعد دوبارہ ان سے بات ہوگی جس میں اس سیریز کے بارے میں فائنل کیا جاسکے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی گورننگ باڈی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے دعوی کیا تھا کہ بھارت سیریز اپنے گھر کھیلنا چاہتا ہے اور اس بارے میں ششانک منوہر نے بات بھی کی ہے،دوسری جانب پی سی بی چیئر مین شہریار کان نے بھی میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا تھا کہ بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے فون کیا ہے اور بھارت رواں سال یو اے ای میں شیڈول سیریز اپنے ملک میں کھیلنا چاہتا ہے اور سیریز سے حاصل ہونے والی سیریز دونوں ممالک کے درمیان آدھی آدھی تقسیم ہو گی ،جبکہ پاکستان کر کٹ بورڈ نے بھارت کی اس پیشکش کو سختی سے مسترد کر دیا تھا اور سیریزیو اے ای کے علاوہ کہیں اور کھیلنے سے صاف انکار دیا تھا۔