بیجنگ(نیوز ڈیسک) پاکستان قسمت کے ہاتھوں مجبور ہوکر پروفیشنل اسنوکر ورلڈ کپ سے باہر ہوگیا، آئرلینڈ کو 4-1 سے ہرانے کے باوجود کوارٹر فائنل میں رسائی نہ مل سکی، ویلز سے شکست کے باوجود آسٹریلیا خوش قسمت رہا اور ایک فریم کے فرق سے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا۔چین میں جاری اسنوکر ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کا سفر ابتدائی راو¿نڈ تک ہی محدود رہ گیا، گروپ سی کے آخری میچ میں اس نے مضبوط نارتھ آئرلینڈکو4-1 سے ہرا دیا، اس سے امید پیدا ہوگئی کہ وہ اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلے گی لیکن اسی گروپ میں شامل آسٹریلیا نے حیران کن طور پر ویلز کو 3-2 سے شکست دیدی، جس کی بدولت آسٹریلیا اور پاکستانی فتوحات کی تعداد 3,3 ہوگئی لیکن پاکستان نے 13فریمز جیتے جبکہ آسٹریلیا نے 14 میں کامیابی حاصل کی، اس کی وجہ سے ٹیم کا سفر ابتدائی راو¿نڈ میں ہی تمام ہوگیا۔حمزہ اکبر اور محمد سجاد پر مشتمل قومی ٹیم نے پانچ میں سے 3 میچز میں فتوحات حاصل کیں، اسے ابتدائی میچ میں ویلز نے 5-0 سے زیر کیا، دوسرے میں آسٹریلیا کیخلاف 3-2 سے کامیابی حاصل کی، تیسرے میچ میں پولینڈ نے حیران کن طور پر پاکستان کو 2-3 سے ہرادیا، ٹیم نے چوتھے میچ میں قطر اور پانچویں میں مضبوط نارتھ آئرلینڈ کی ٹیم کو شکست دی۔