کراچی(نیوز ڈیسک)پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات نے الزام لگایا کہ مجھے عہدے سے ہٹانے کیلیے حکومت اپنے اختیارات استعمال کررہی ہے، اسے معلوم ہونا چاہیے کہ فیفا کے نزدیک حکومتی مداخلت قابل قبول نہیں،ایسی صورت میں پاکستانی رکنیت معطل بھی ہو سکتی ہے۔فیصل صالح حیات نے کہا کہ میں نے تازہ ترین حکومتی مداخلت کے بارے میں فوری طور پر فٹبال کی عالمی تنظیم کو آگاہ کر دیا، حکومت نے پہلے ہی کرکٹ بورڈ اور ہاکی فیڈریشن میں مداخلت کر رکھی ہے اب وہ فٹبال فیڈریشن کو بھی کنٹرول میں لینا چاہتی ہے،اسے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے معاملے سے سبق سیکھنا چاہیے۔جب اس نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی منظور شدہ پی او اے کو تسلیم کرنے کے بجائے متوازی ایسوسی ایشن قائم کر دی تھی تو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستانی رکنیت معطل کرنے کی دھمکی دی،ایسے میں اسے آئی او سی کی منظور شدہ پی او اے کو تسلیم کرنا پڑا تھا۔فیصل صالح حیات نے کہا کہ ملکی فٹبال کے معاملات میں غیر معمولی حکومتی دلچسپی کی وجہ یہ ہے کہ میرے 12 سالہ دور میں پی ایف ایف ایک اہم ادارے کے طور پر سامنے آیا،اسے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے بھی سراہا ہے، دوسری اہم وجہ یہ ہے کہ میں خود سیاستدان اور برسراقتدار جماعت پر تنقید کرتا آیا ہوں۔