لاہور(نیوز ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ کی پابندی ختم ہو نے کے امکانات روشن ہو گئے۔ چیئرمین پی سی بی شہر یار خان کی ہدایت پر کرکٹ بورڈسلمان بٹ کی بحالی پروگرام کی تکمیل کے لئے تیار ہو گیا۔ ان کااقبالی بیان بھی آئی سی سی کو بھیج دیا گیاہے تاکہ ستمبرمیں پابندی کی پانچ سالہ مدت پوری ہو نے پر انہیں کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان بھی سابق کپتان سلمان بٹ کی جانب سے جمع کرائے گئے بیان سے مطمئن ہیں جبکہ سلمان بٹ اپنے بحالی پروگرام میں ابتدائی مراحل طے کر چکے ہیں اور اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو لیکچر دینے کا آخری مرحلہ باقی ہے۔ جلد سلمان بٹ سے اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ کے خلاف لیکچر بھی دلوایا جا ئے گا جس کے بعد آئی سی سی سلمان بٹ پر پابندی کے خاتمے کے لئے اپنا فیصلہ صادر کر سکتی ہے۔ سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ انہیں چار اداروں کی جانب سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی پیشکش ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ کس ادارے کی طرف سے کھیلیں گے۔ اس کا فیصلہ پابندی ختم ہونے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پی سی بی اور آئی سی سی ا±ن کی درخواست پر ہمدردانہ غور کریں گے اور جلد از جلد ان کی پابندی ختم ہو جائے گی۔ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنا بیان پی سی بی کو جمع کرانے کے بعد بار بار درخواست کر چکے ہیں کہ ان کا بحالی پروگرام مکمل کرایا جائے مگر بوجوہ ایسا نہیں ہو سکا تاہم اب امکان ہے کہ آئی سی سی بورڈ اجلاس سے چیئرمین پی سی بی کی واپسی پر ان کا آخری مرحلہ بھی مکمل ہو جائے گا اور ستمبر کے بعد ان پر کرکٹ مقابلوں میں حصہ لینے کی پابندی ختم ہو جائے گی اور وہ آئندہ ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لے سکیں گے۔