دبئی(نیوزڈیسک) ماسٹرز چیمپیئن لیگ (ایم سی ایل) آئندہ سال دبئی میں منعقد ہوگی، تفصیلات کے مطابق کھیلوں کا سامان بنانے والی کمپنی جی ایم اسپورٹس کے زیر اہتمام آئندہ سال فروری میں ماسٹرز چیمپیئن لیگ (ایم سی ایل)کا انعقاد کیا جارہا ہے۔اس ایونٹ کی خاص بات یہ ہے کہ ٹورنامنٹ میں دنیا بھر کے90 لیجنڈ ریٹائرڈ کرکٹرز حصہ لے رہے ہیں، ٹورنامنٹ کا ہر میچ 20 اوورز پر مشتمل ہوگا۔مذکورہ لیگ خلیجی ریاستوں میں مختلف مقامات پر کھیلی جائے گی، ایک ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی،ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے کھلاڑی کا کرکٹ سے ریٹائر ہونا ضروری ہے۔ماسٹرز چیمپیئن لیگ (ایم سی ایل)کی ایمریٹس کرکٹ بورڈ نے دس سال کیلئے منظوری دیدی ہے، جبکہ ٹورنامنٹ آرگنائزر جی ایم اسپورٹس انٹر نیشنل کرکٹ کاو¿نسل کے قوانین پر عمل درآمد کے پابند ہونگے۔اس سلسلے میں دبئی میں چار روز قبل ایک تعارفی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم کے علاوہ برائن لارا، ایڈم گلکرسٹ، گراہم گوچ ، ایلن بارڈراور دیگر نامور کھلاڑی بھی موجود تھے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ساو¿تھ افریقہ کے جیک کیلس نے بھی لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔۔یہ میچ ایم سی ایل کے حوالے سے ایک مہم کا حصہ تھا، ٹورنامنٹ کا آغاز 16 فروری سے ہوگا اور اس لیگ کے میچز دبئی ابوظہبی، اور شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔